سرینگر: ایپکس باڈی لیہہ اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے مرکزی حکومت سے لداخ کو مکمل ریاستی درجہ دینے کی اپیل کی ہے۔یہ مطالبہ لداخ یونین ٹریٹری کی ان دونوں جماعتوں کی طرف سے 4 دسمبر کو ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد وزارت داخلہ کو ایک تفصیلی مسودے میں پیش کیا گیا تھا، جس کی صدارت مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کی تھی، جس میں دونوں جماعتوں سے مطالبات کا ایک جامع مسودہ وزارت کو پیش کرنے کو کہا گیا تھا۔
وزارت امور داخلہ کو پیش کئے گئے مسودے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ لداخ کی بھر پور تاریخ، اسٹریٹجک اہمیت، ماحولیاتی افادیت اور شمال مشرق کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مماثلت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو ریاستی درجہ دینے ضرورت ہے۔ڈرافٹ میں کہا گیا کہ 'یہ اقدام نہ صرف سیاسی نمائندگی میں اضافے کا باعث بن جائے گا، بلکہ مقامی لوگوں کو جمہوری فریم ورک کے اندر اپنی امنگوں کو ظاہر کرنے کے لئے با اختیار بنائے گا جس سے قوم کی تعمیر کے عمل میں تعلق اور شرکت کے احساس کو فروغ ملے گا'۔
بتادیں کہ سال 2019 میں جموں وکشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرکے جموں و کشمیر کو الگ جبکہ لداخ کو الگ یونین ٹریٹری بنا دیا گیا تھا۔لداخ کی ایپکس باڈی گذشتہ دو برسوں سے لوگوں اور علاقے کے ماحول کے لئے آئینی تحفظات کے لئے مہم چلا رہی ہے۔ڈرافٹ میں کئے جانے والے دیگر مطالبات میں آئین ہند کے چھٹے شیڈول کے تحت حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔