سرینگر (نیوز ڈیسک):مرکز کے زیر انتظام لداخ خطہ کے کرگل ضلع میں بدھ کو کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے زیر اہتمام ’’نصف دن کی ہڑتال‘‘ کال کے پیش نظر ایک احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ احتجاجی مارچ میں مختلف مطالبات بشمول لداخ کے لیے ریاستی درجہ اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات شامل ہیں۔
سیاسی کارکن اور کے ڈی اے کے رکن سجاد کرگلی کی جانب سے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مظاہرین کو پلے کارڈز اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں ’’لداخ کو بچاؤ، جمہوریت کی بحالی‘‘ اور ’’لداخ ریاست کا درجہ اور چھٹا شیڈول چاہتا ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ آج یعنی 20مارچک کو صبح 10 بجے کرگل میں فاطمیہ چوک سے احتجاجی ریلی شروع ہوئی جو جلسہ عام کے بعد حسینی پارک پر اختتام ہوا۔
یہ مظاہرہ کرگل ڈیموکریٹک الائنس اور اپیکس باڈی لیہہ کی قیادت میں جاری تحریک کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے، جس میں لداخ کے لیے مکمل ریاست کا درجہ اور چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد ان تحریکوں نے زور پکڑا جس کے نتیجے میں بی جے پی حکومت نے نہ صرف خصوصی آئینی حیثیت تبدیل کی بلکہ لداخ کو جموں کشمیر سے علیحدہ کرکے اسے یونین ٹیریٹری میں تبدیل کر دیا جبکہ جموں کشمیر کو علیحدہ یونین ٹیریٹری میں بھی ڈیگریڈ کر دیا۔