بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں کلشی پورہ گاؤں کے باشندوں نے میونسپل کمیٹی خانصاحب کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈمپنگ سائٹ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی مانگ کی۔ کلشی پورہ کے باشندوں کا الزام ہے کہ میونسپل کمیٹی نے ان کے گاؤں میں ملکیتی اراضی پر ڈمپنگ سائٹ بنائی ہے، جس سے انہیں مختلف قسم کے نقصانات کا خطرہ لاحق ہے۔
کلشی پوری کے ایک مقامی بزرگ نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی نے جس اراضی پر کوڑا کرکٹ جمع کیا ہے وہ سرکاری نہیں بلکہ ملکیتی اراضی ہے، اور یہاں ایم سی عملہ نے گاؤں والوں کی مرضی کے بغیر اور چھپ چھپا کر، اچانک ڈمپنگ سائٹ بنائی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں ڈمپنگ سائٹ بنائی جا رہی ہے وہاں جل شکتی کا فلٹریشن پلانٹ بھی نزدیک ہی ہے جبکہ آبادی بھی زیادہ دور نہیں۔ جس کے سبب نہ صرف پانی اس سے پانی آلودہ ہونے کا خطرہ ہے بلکہ عوام کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
احتجاج کر ہے ایک ایک مقامی نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ خانصاحب قصبے کا کوڑا کرکٹ کلشی پورہ میں ڈمپ کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دے سکتے۔ احتجاجیوں نے کہا: ’’یہ ہمارے گاؤں کی اراضی ہے اور اس پر صرف ہمارا حق ہے۔ ڈمپنگ سائٹ بنانے سے کلشی پورہ میں بیماریاں پھیلنے، پانی کے ذخائر خراب ہونے، گندگی پھیلنے، آوارہ کتوں کی ہڑبونگ کا خطرہ لاحق ہوگا، جس کی ہم قطعاً اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘