ترال: وادی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال سے تعلق رکھنے والے روحیل مقبول شیخ وادی میں آبی ذخائر کو بچانے اور اس حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان کے اس کام کی سماجی اور سیاسی حلقوں میں خوب ستائش کی جا رہی ہے، وہیں سرکاری سطح پر بھی اس نوجوان کی پذیرائی کی جا رہی ہے ۔آج جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے ماہانہ ریڈیو پروگرام عوام کی آواز میں اس ہونہار نوجوان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم روحیل کا آبی ذخائر کو بچانے اور اس بارے میں آگاہی، پھیلانے کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔
روحیل مقبول نے لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے ان کا نام لینے پر ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنر صاحب کے الفاظ سے مجھے حوصلہ ملا ہے اور میں اب آبی ذخائر کو بچانے کے لیے اور زیادہ دلچسپی سے کام کروں گا۔