کٹھوعہ (عامر تانترے):یوم جمہوریہ کی تقریبات سے ایک دن قبل جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے بیچ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ گولی باری کٹھوعہ کے بلاور جنگلات میں عکسریت پسندوں کی مشتبہ نقل و حرکت کے بعد شروع ہوئی۔
جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل بھرتوال نے بتایا کہ "بھٹولی علاقے میں ایک عارضی فوجی کیمپ قائم کیا گیا تھا۔ وہاں عسکریت پسندوں کی مشتبہ نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا گیا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔"
یہ واقعہ آج بروز سنیچر علی الصبح پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد پورے خطے میں بڑے پیمانے پر سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ مشتبہ عسکریت پسندوں کی تلاش جاری ہے۔ یہ گولی باری یوم جمہوریہ کی تقریبات سے ایک دن پہلے ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پورے ملک میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اسی بیچ کٹرا اور بڈگام کے درمیان وندے بھارت ریک کا ٹرائل رن بھی جاری ہے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔