سرینگر:جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ کی ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی (DPAP) چیئرمین غلام نبی آزاد کو خیر باد کہتے ہوئے سابق قانون ساز اور سینئر سیاسی رہنما تاج محی الدین نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ وہ بہت جلد کانگریس کا ہاتھ دوبارہ تھامنے جا رہے ہیں۔ سال 2022میں کانگریس کے درجنوں لیڈران و کارکنان کانگریس سے علیحدہ ہوکر آزاد کی پارٹی میں شامل ہوئے تھے جن میں تاج محی الدین بھی شامل تھے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران تاج محی الدین نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کانگریس کے ساتھ 4 دہائیوں سے بھی زائد عرصہ گزارا ہے اور نے اپنے کارکنان سے ملاقات و مشاورت کے بعد کانگریس میں واپسی کے اپنے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی دوبارہ کانگریس میں شامل ہوں گے۔ یہ پیش رفت الیکشن کمیشن آف انڈیا کے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے محض ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔