اننت ناگ (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر اپنی پارٹی (جے کے اے پی) نے چیف الیکٹورل آفیسر کو ایک خط روانہ کیا ہے، جس میں اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست کے لئے انتخابات مؤخر کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ مطالبہ مغل روڈ، جو اننت ناگ-راجوری کو جوڑتا ہے، کے بار بار بند ہونے کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے، کیونکہ شاہراہ متاثر ہونے سے امیدواروں اور حامیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں حائل ہو رہی ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کو حاصل شدہ جانکاری کے مطابق جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو ایک خط روانہ کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اننت نا گ راجوری لوک سبھا نشست کے انتخابات بعد کے مراحل میں کرائے جائیں تاکہ امیدواروں اور حامیوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کیونکہ مغل روڑ کے بار بار بند ہونے کی وجہ سے کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں کو کشمیر اور جموں ڈویژن کے راجوری پونچھ میں آنے جانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسی صورت حال میں انتخابی سرگرمیاں کافی متاثر ہوں گی اور ان مسائل کی وجہ سے انتخابی مہم میں امیدواروں کا جوش بھی کم نہیں ہوگا۔