اننت ناگ (جموں کشمیر) : ’’اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست پر پولنگ ری شیڈول کروانے سے یقینی طور پر ووٹنگ کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ جس سے پی ڈی پی اور این سی کو گھبراہٹ محسوس ہو رہی ہے، کیونکہ ماضی میں بھی ان کے لیڈران محض چند فیصد ووٹنگ کے وجہ سے ہی پارلیمنٹ پہنچے ہیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر اپنی پارٹی (جے کے اے پی) کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ہلال احمد شاہ نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں اپنی پارٹی کی جانب سے منعقدہ ریلی، روڑ شو کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
ہلال شاہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کی کم شرح فیصد سے ان دونوں جماعتوں - نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی - کو فائدہ ہوتا تھا۔ انتہائی کم ووٹنگ شرح سے ہی یہ پارٹیاں الیکشن میں کامیاب ہوتی آ رہی ہیں۔ شاہ نے دعویٰ کیا کہ ’’اپنی پارٹی اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑ رہی ہے اور انتخابات میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی، این سی اور پی ڈی پی جیسی جماعتوں کی ضمانت بھی ضبط ہوگی۔‘‘
اپنی پارٹی کی جانب سے منعقدہ ریلی، روڑ شو کا اہتمام ضلع کے کھنہ بل علاقے سے شروع کیا گیا جو اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے مہندی کدل پر اختتام ہوا۔ روڈ شو کے دوران ہلال احمد شاہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس کو ووٹ دیں کر اسے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا ’’ظفر اقبال منہاس ایک ایماندار لیڈر ہے اور وہ کشمیری عوام کی بہترین نمائندگی پارلیمنٹ میں کریں گا۔‘‘