ڈورو (اننت ناگ): سینئر لیڈر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری غلام احمد میر نے ڈورو اننت ناگ میں ڈورو اسمبلی نشست کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔
غلام احمد میر ڈورو اسمبلی حلقہ 41 سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔ جی اے میر منگل کو ڈورو پہنچے، جہاں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پھولوں کے گجرے پہنا کر ان کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ان کے ہمراہ کانگریس کے سینئر لیڈر رہنما رمن بھلّا، جے کے پی سی سی کے صدر طارق قرہ سمیت کئی رہنما بھی تھے۔ اس موقعے پر انہوں نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی تلقین کی۔
غلام احمد میر اننت ناگ کے ڈورو اسمبلی حلقہ سے انڈیا الائنس کے امیدوار کے طور پر نیشنل کانفرنس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ گزشتہ دس برسوں سے اسمبلی انتخابات کا بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے تھے، اور آخر کار سپریم کورٹ کے دباؤ کے بعد لوگوں کو اس جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقعہ ملا۔