جموں:جموں کشمیر میں پہلے مرحلے کے تحت 19 اپریل کو ادھپور کٹھوعہ پارلیمانی نشست کے لیے کل یعنی 19اپریل کو ووٹنگ صبح سات بجے سے شروع ہوگی۔ اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے جموں کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے P K Poleکے ساتھ، سیکورٹی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ پولے نے خصوصی گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کی تیاریاں پہلے ہی زوروں پر جاری تھی اور پہلے مرحلے کے تحت منعقد ہونے الیکشن کے لئے ٹیموں کو پولنگ بوتھ کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔
پی کے پولے کے مطابق جی پی ایس کے ذریعے گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہیں کہ ’’کس لوکیسن تک الیکشن کا عملہ، ای وی ایم مشینین، اسٹیشنری وغیرہ پہنچ چکی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پولیس، سی آر پی ایف، میڈیا اداروں، سیاسی پارٹیوں اور دیگر افراد کو لوک سبھا انتخابات سے قبل الیکشن سے متعلق تربیت دے چکی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے پی کے پولے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں کشمیر انتظامیہ انتخابات کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ سرحدی علاقوں میں پر امن طریقے سے انتخابات منعقد کرانے کی غرض سے وہاں سیکورٹی کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے پہلے مرحلے کے تحت منعقد ہونے والے انتخابات کے لیے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لئے اپنے گھروں سے نکلے اور اپنے من پسند امیدوار کو ووٹ دیکر پارلیمنٹ تک اپنی آواز پہنچائیں۔