سرینگر (جموں و کشمیر) :کشمیر میں بارشوں کے تھمنے کے بعد گرچہ عوام سمیت انتظامیہ نے بھی راحت کی سانس لی ہے تاہم بعض مقامات پر ابھی بھی دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی خطرے کے نشان کے اوپر یا اس کے قریب بہہ رہا ہے۔ دریائے جہلم میں سرینگر کے رام منشی باغ اور پانپور گیجز میں پانی کی سطح سیلاب کے نشان پر پہنچ گئی ہے۔ تاہم حکام نے عوام کو یقین دلایا کہ پانی کی سطح جلد ہی کم ہونے کی امید ہے عوام سے خوفزدہ نہ ہونے پر زور دیا ہے۔
کشمیر میں محکمہ آبپاشی اینڈ فلڈ کنٹرول (آئی اینڈ ایف سی) کے چیف انجینئر نریش کمار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں سنگم کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم جہلم کے وسطی حصے میں پانی کی سطح میں اضافہ دیکھ جا رہا ہے جو چند گھنٹوں تک ہی برقرار رہے گی اور اس کے بعد یہاں بھی پانی کی سطح میں کمی ہونے کی توقع ہے۔ کمار نے کہا: ’’جنوبی کشمیر سے پانی کا حجم پہلے ہی کشمیر کے مرکزی آبی ذخائر تک پہنچ چکا ہے۔ اگرچہ رام منشی باغ اور پانپور میں پانی کی سطح سیلاب کے اعلان کے نشان کو عبور کر چکی تھی تاہم اب پانی کی سطح کم ہو رہی ہے۔‘‘ اس بات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہ صورتحال قابو میں ہے، کمار نے زور دے کر کہا کہ ’’حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور موسمی حالات میں نمایاں بہتری کو دیکھتے ہوئے لوگوں سے حوصلہ رکھنے اور نہ گھبرانے کی اپیل کی جا رہی ہے۔‘‘
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، سنگم میں 23.55 ملی میٹر، رام منشی باغ میں 19.5 ملی میٹر، جبکہ کھڈوانی اور بٹ کوٹ میں بالترتیب 31 ملی میٹر اور 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ تاہم کل رات سے بارش کا سلسلہ بند ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے کشمیر ڈویژن کے بیشتر حصوں میں عام طور پر مطلع ابر آلود جبکہ جموں ڈویژن میں جزوی طور پر ابر آلود اور مجموعی طور پر آسمان صاف رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔