ترال (شبیر بٹ): جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے مندورہ گاؤں میں یرقان کی بیماری پھوٹ پڑنے سے علاقے میں تشویش کا ماحول ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس بیماری کی وجہ سے کئی بچے متاثر ہوگئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں آلودہ پانی کی وجہ سے یہ بیماری پھیلنے کا اندیشہ ہے۔
اسے قبل بھی ترال میں یرقان کی بیماری متعدد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور آج شدید سردی کے ان ایام میں ایک درجن کے قریب افراد اس بیماری میں مبتلا ہوگئے جس کی وجہ سے عوامی سطح پر تشویش کا ماحول ہے۔
اس دوران تحصیلدار ترال عمران احمد کی نگرانی میں آج ڈاکٹروں اور پی ایچ ای کے ٹیموں نے علاقے کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ وہیں انچارج بی ایم او ڈاکٹر مظفر نے بتایا کہ علاقے میں سات بچے اس بیماری میں مبتلا ہوئے جن میں سے چار صحت یاب ہوگئے ہیں اور باقی بچوں کا علاج جاری ہے۔