جموں سری نگر قومی شاہراہ کو یک طرفہ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا رامبن: جموں سرینگر قومی شاہراہ دو روز مسلسل بند رہنے کے بعد، آج صبح یک طرفہ ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں تعمیراتی کمپنیوں نے ناشری اور بانہال کے درمیان بھاری مشنری لگاکر شاہراہ پر بھاری پسی اور چٹانوں کو ہٹا کر شاہراہ کو یک طرفہ ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے لیے بڑی محنت کی اور شاہراہ پر درماندہ مسافروں کو اپنی منزل کی طرف روانہ کرنے کے بعد آج صبح سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کو جموں سے وادی کی طرف یکطرفہ طور پر چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ادہم پور اور نگروٹہ سے پہلے مسافر بردار ٹریفک کو چھوڑ دیا گیا ہے اور بعد میں مال بردار گاڑیوں کو بھی بحال کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
چٹانیں کھسکنے کے سبب جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک درماندہ
واضح رہے کہ رامبن بانہال سیکٹر میں تباہی کن بارشوں کی وجہ سے شاہراہ آدھا درجن سے زائد مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے۔ تفصیلات کے مطابق گانگرو کے مقام پر بھاری پسی گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے درجنوں گاڑیاں رامبن اور بانہال کے درمیان پھنس کر رہ گئی ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ وادیٔ کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں میں محکمۂ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق برف باری جب کہ کئی میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران گزشتہ دنوں سرینگر جموں شاہراہ پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کو آمد ورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔