جموں:جموں و کشمیر پولیس نے جعلی کورٹ آرڈر سے متعلق ایک ہائی پروفائل کیس کو کامیابی سے حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک وکیل کو بھی گرفتار کر لیا ہے جو کیس کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ 19 دسمبر 2024 کو تھرڈ ایڈیشنل منصف، جے ایم آئی سی جموں کی طرف سے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے ذریعہ شکایت موصول ہونے کے بعد ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ شکایت میں فرضی عدالتی ریلیز آرڈر کا استعمال کیا گیا جس میں جج کے جعلی دستخط اور مہر کے ساتھ 50,000 روپے کی جعلی رسید (G.R) بھی استعمال کی گئی۔ یہ جعلی دستاویز غیر قانونی طور پر ضبط کی گئی گاڑی کو چھوڑنے کے لیے استعمال کی گئی۔ شکایت موصول ہونے پر جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نے جانچ کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی۔ ایس آئی ٹی نے تمام دستاویزات جمع کیے اور ملزم کی پہچان کرلی۔