بڈگام (جموں و کشمیر) :جموں کشمیر پولیس نے بھارتی ایئر فورس کے ایک ونگ کمانڈر کے خلاف ریپ، ذہنی ہراسانی اور تعاقب کے الزامات پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ یہ ایف آئی آر سرینگر کے ائیر فورس اسٹیشن پر تعینات ونگ کمانڈر کے خلاف درج کی گئی ہے۔ خاتون فلائنگ آفیسر نے الزام عائد کیا ہے کہ 31 دسمبر 2023 کو آفیسرز میس میں ہونے والی نیو ایئر پارٹی کے دوران ونگ کمانڈر نے ان کے ساتھ زبردستی کی۔
بڈگام پولیس اسٹیشن میں درج اس کیس میں ونگ کمانڈر پر قانون کی دفعہ 376(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ دفعہ بااختیار افراد کے ذریعے کی گئی جنسی ہراستی کے واقعات کو ظاہر کرتا ہے۔ خاتون فلائنگ آفیسر نے بتایا کہ یکم جنوری 2024 کی رات 2 بجے ونگ کمانڈر نے انہیں تحفہ دینے کے بہانے اپنے کمرے میں بلایا اور وہاں ان کے ساتھ زبردستی کی۔ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے مسلسل ونگ کمانڈر کو روکنے کی کوشش کی تاہم وہ باز نہ آیا۔ خاتون کی جانب سے درج کی گئی شکایت میں کہا گیا : ’’میں نے بار بار اس (ونگ کمانڈر) سے یہ سب نہ کرنے کی اپیل کی اور ہر ممکن کوشش کی۔ بالآخر میں نے اسے دھکہ دیکر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئی۔‘‘
متاثرہ نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد وہ شدید صدمے کا شکار ہو گئیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ آگے کیا کرے، اسے یہ خوف ستائے جا رہا تھا کہ اگر اس نے کسی سے شکایت کی تو ونگ کمانڈر ان سے کہیں بدلہ نہ لے۔