سونہ مرگ میں تازہ برف باری (ETV Bharat) گاندربل:جموں و کشمیر میں شدید سردی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع گاندربل میں سری نگر-لیہہ شاہراہ پر تازہ برفباری کے بعد زوجیلا پاس پر گاڑیوں کی آمدورفت کو ایک بار پھر عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سڑک پر پھسلن کو دیکھتے ہوئے اسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، جموں اور کشمیر ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ روڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لیے بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ زوجیلا پاس پر تازہ برف باری کے پیش نظر سرینگر سونہ مرگ شاہراہ کو گاڑیوں کی نقل و حمل کے لیے بند کر دیا گیا ہے“۔
اس دوران وادی کشمیر کے سبھی علاقوں کے ساتھ ساتھ گاندربل کے میدانی علاقوں میں کچھ مقامات پر بارشیں بھی ہوئیں۔ اس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ روڈ سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وادی کشمیر کا درجہ حرارت صفر سے نیچے، سردی سے کوئی راحت نہیں
انہوں نے کہا کہ اگر موسم ٹھیک رہا تو سری نگر-لیہہ شاہراہ کو پھر سے آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر شدید سردی کی زد میں ہے۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت صفر سے نیچے ہے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔