سرینگر (جموں کشمیر) :خراب موسم کے باعث جموں اور اس کے اطراف میں پیر کے روز شدید دھند کے سبب پروازوں کا نظام درہم برہم ہو گیا، جس کے سبب جموں جانے والی تمام شام کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ پیر کو صبح کے وقت بھی کئی پروازیں تاخیر کی شکار رہیں۔ اسی وجہ سے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو ہوائی سفر کے بجائے سڑک کے ذریعے جموں کا سفر اختیار کرنا پڑا۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ دھند نما حالات نے اتوار کی شام سے فضائی آمد و رفت پر اثر ڈالا ہے۔ اتوار کو تمام پروازیں منسوخ ہونے کے بعد پیر کو بھی آنے اور جانے والی پروازیں تاخیر سے پہنچ رہی تھیں، جس کے سبب جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو طے شدہ ہوائی سفر ترک کرکے سرینگر سے سڑک کے ذریعے جموں جانا پڑا۔
وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اپنی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا: ’’جموں میں ناقص ویزیبلٹی (Visibility) کی وجہ سے آخری لمحے پر سڑک کا سفر کرنا پڑا۔ کل جموں سے کوئی فلائٹ نہ آئی اور نہ ہی یہاں سے کوئی پرواز رانہ ہوئی، تو مجھے خود ڈرائیونگ کرنی پڑی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سرکاری رہائش گاہ کی بالکنی سے بھی سورج بمشکل نظر آ رہا ہے۔ لگتا ہے کہ آج بھی پروازوں کا سلسلہ مشکل سے بحال ہوگا۔‘‘