حیدرآباد : جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت آج صبح پولنگ کا آغاز ہوگیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جیسے ہی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلا مرحلہ کا آغاز ہوا، ایکس پر ٹوئٹ کرکے عوام سے بڑی تعداد میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’میں ان تمام حلقوں کے ووٹرز سے جہاں آج پولنگ ہورہی ہے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کے تہوار کو تقویت دیں۔ میں خاص طور پر نوجوان اور پہلی بار ووٹرز سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کرتا ہوں‘۔
وزیراعظم مودی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے حق میں مہم چلائیں گے۔ وہ جمعرات کو شیر کشمیر پارک میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ مودی کے دورہ سے قبل سری نگر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتخابات کے اعلان کے بعد کشمیر میں بی جے پی کی یہ پہلی بڑی ریلی ہوگی۔ بی جے پی نے کشمیر سے صرف 19 امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ متعدد سیٹوں کو ’ہم خیال‘ آزاد امیدواروں اور پارٹیوں کے لیے چھوڑا ہے۔