جموں:کانگریس کے سینئر لیڈر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ وہ آج سرینگر سے جموں پہنچے۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سے کانگریس پارٹی نے جموں وکشمیر میں اپنی انتخابی حکمت عملی بنانا شروع کر دی ہے۔ راہل گاندھی خود اس حکمت عملی کو بنانے میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ جب کہ سرینگر میں راہل گاندھی اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے درمیان اہم میٹنگ بھی منعقد ہوئی۔
دراصل راہل گاندھی وادی کی بڑی جماعت نیشنل کانفرنس کے ساتھ متحد ہوکر اتحاد میں الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ اسی تناظر میں راہل گاندھی نے سرینگر میں فاروق عبداللہ سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ کے دوران راہل گاندھی اور فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں اتحاد پر بات کی۔ جس کے بعد ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان 90 سیٹوں پر اتحاد ہوگیا ہے اور جمعرات کی شام تک لسٹ بھی منظر عام پر آ جائے گی۔
کشمیر میں میٹنگیں مکمل کرنے کے بعد گاندھی دوپہر کو جموں پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ جشن بینکویٹ ریزورٹ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اور اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں۔ بتا دیں کہ راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے بھی جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر راہل گاندھی کا دوسرے دن جموں کا دورہ بہت اہم ہونے جا رہا ہے۔ جہاں وہ پارٹی کارکنان و لیڈران سے خطاب کریں گے۔ راہل گاندھی کے دورہ کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے دورے کے دوران راہل گاندھی اور کھرگے نے وادیٔ کشمیر کے 10 اضلاع کے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ بات چیت کی۔ اور آج ہی جموں پہنچتے ہی وہ پارٹی کارکنان و لیڈران سے ملاقات کریں گے۔ جموں و کشمیر کے لیے کانگریس پارٹی کی حکمت عملی میں کئی اہم مسائل شامل ہیں۔ ان میں بے روزگاری، معاشی ترقی اور ریاست کا درجہ بحال کرنا شامل ہے۔ اپنے دورے کے دوران گاندھی اور کھرگے جموں کے مختلف اضلاع کے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔ یہ بات چیت مقامی مسائل کو سمجھنے اور نچلی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے بہت اہم سمجھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
انتخابات سے قبل اتحاد کی کوشش، ریاستی درجہ بحال کرنا کانگریس کی ترجیح، کھرگے اور راہل گاندھی کا میڈیا سے خطاب - Jammu Kashmir Assembly Election