جموں:ضلع انتظامیہ جموں نے بدھ کے روز ایک ہدایت جاری کی ہے جس میں ضلع کے سوشل میڈیا نیوز پورٹلز کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خلل پہنچانے، امن و مان کی خلاف ورزی اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے پیغامات پوسٹ کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر جموں کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت آمیز اور اشتعال انگیز پیغامات پوسٹ یا شیئر کرنے کی وجہ سے غلط معلومات عام ہوتیں ہیں جس سے عوامی امن و امان اور امن و سکون میں سنگین خلل پڑنے کا امکان ہے۔‘‘
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’کسی بھی کارروائی کہ جس سے عوامی امن و امان کی خلاف ورزی اور عوامی سکون میں خلل پڑنے یا انسانی جانوں یا املاک کے لیے سنگین خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، اسے فوری طور پر روکنا مطلوب ہے۔‘‘ حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’جرمیہ معاملات کی ضابطہ کی دفعہ 144 کے تحت کارروائی کرنے اور سوشل میڈیا نیوز پلیٹ فارمز/پورٹلز کو ایسی کسی بھی پوسٹ/پیغام کو پوسٹ/شیئر کرنے سے روکنے کے لیے کافی وجوہات موجود ہیں، جس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خلل ڈالنے، امن کی خلاف ورزی اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے کی صلاحیت ہے۔‘‘