بارہمولہ (جموں کشمیر) :ڈائریکٹر، جل جیون مشن، ڈاکٹر جی این اتو نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے کے دور دراز اور دیہی علاقوں کا دورہ کرکے ’’جل جیون مشن‘‘ کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مشن ڈائریکٹر نے رام پورہ، راج پورہ اور وٹلب میں دس کروڑ روپے مالیت کی لاگت سے تعمیر کیے جا رہے فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا۔
مشن ڈائریکٹر نے متعلقہ عملہ سے تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھنے اور مقررہ وقت پر کام کو مکمل کرنے کی تلقین کی۔ دورے کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایتو نے کہا کہ ’’دور دراز علاقوں میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کے گھروں تک نل کے ذریعے پانی پہنچانے کا بندوبست نہیں تھا، تاہم اب جل جیون مشن کے تحت یہ فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے ایک وسیع آبادی کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے گا۔‘‘