سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے بہار سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو سری نگر کی مضافات میں ایک مکان سے سونے کے زیورات چرانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ قابل توجہ ہے کہ یہ خاتون اسی گھر میں کئی سال سے ملازمت کررہی تھی اور گھر والوں نے اس پر اعتماد کرکے کشمیر سے باہر جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ انہیں سرینگر کے مضافاتی علاقے عمر آباد (زینہ کوٹ) کے پیرزادہ اخضر حسین کی بیٹی کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ انکے گھر میں چوری ہوئی ہے جس کی تحقیقات کی جانی چاہئے۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ کچھ نامعلوم چور 15 اور 16 جنوری کی درمیانی رات ان کے رہائشی مکان میں گھس آئے اور گھر سے اہم مال و اسبات لوٹ کر لے گئے ہیں۔ شکایت کے مطابق اخضر حسین اور انکی اہلیہ واردات کی رات اپنے گھر پر موجود نہیں تھے کیونکہ وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔