بڈگام (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں شیعہ آبادی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسیکی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی جلوس برآمد کیا۔ تعزیتی جلوس میں شامل لوگوں نے ایرانی صدر اور ایرانی حکومت کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ جلوس میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں پوسٹرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ایرانی صدر کی تصاویر اور تعزیتی پیغامات درج تھے۔
تعزیتی جلوس میں شامل لوگوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’ہم نے کسی شخص یا حکومت کے خلاف جلوس برآمد نہیں کیا بلکہ ایرانی باشندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں اپنے جذبات کا برملا اظہار کیا۔‘‘ ایرانی صدر کی حادثاتی موت کے بعد بڈگام میں کے مختلف مقامات پر لوگوں نے کالے پرچم نصب کرکے اپنے غم کا اظہار کیا۔