این سی لیڈر، عبد المجید لارمی (ای ٹی وی بھارت) اننت ناگ (جموں کشمیر) :’’جموں کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی لہر ہے۔ جس کا ثبوت الیکشن کے نتائج کے دن سامنے آئے گا۔ انڈیا الائنس جموں کشمیر میں اگلی حکومت قائم کرے گی۔ این سی - کانگریس اتحاد 70سے بھی زائد نشستیں حاصل کرے گا۔‘‘ ان باتوں کا اظہار این سی کے سینئر لیڈر اور اننت ناگ ویسٹ اسمبلی نشست سے ’الائنس‘ امیدوار عبد المجید لارمی نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
سابق ایم ایل اے ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی نے دعویٰ کیا کہ ’’جموں کشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس سب سے بڑی سیاسی پارٹی بن کر ابھرے گی۔‘‘ لارمی نے مزید کہا کہ ’’این سی کی لہر جموں کشمیر کے کونے کونے میں عیاں ہے۔ اور اب کانگریس کے ساتھ اتحاد نے این سی کی حکومت قائم ہونے پر یقین کی مہر ثبت کر دی ہے۔‘‘
لارمی کا مزید کہنا تھا کہ ’’این سی اور کانگریس کے درمیان اتحاد ایک عظیم مقصد کے لئے قائم کیا گیا جو ایک اچھی خوش آئند بات ہے۔ اور اس اتحاد کو زمینی سطح پر عملی طور پر لاگو کیا جائے گا۔‘‘ اسمبلی انتخابات میں اتحاد کی جیت کے امکانات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں لارمی نے کہا: ’’این سی اور کانگریس اتحاد جموں کشمیر میں 70سیٹ شیئر مارجن کو بھی عبور کرے گا، اور این سی نئی حکومت بنانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹروں کو لبھانے کی غرض سے سیاسی رہنما ریلیز، روڈ شوز منعقد کر رہے ہیں جس دوران لوگوں کے ساتھ کئی وعدے بھی کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پارلیمانی انتخابات سے سبق سیکھا، اسمبلی الیکشن میں کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے: بخاری -