سرینگر (جموں کشمیر) :سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر21 دسمبر سے 29 جنوری تک، یعنی سخت سردیوں کے 40 دنوں پر محیط چلہ کلان کے دوران، ایک بھی پرواز منسوخ نہیں ہوئی ہے۔ ایسے میں اس مدت کے دوران بغیر کسی خلل کے پروازوں کی آمد و رفت جاری رہی۔ بھاری برفباری اورحد نگاہ میں کمی کے نتیجے میں اگرچہ اکثر و بیشتر چلہ کلان کے دوران ہوائی اور زمینی ٹرانسپورٹ متاثر رہتا تھا، تاہم رواں سیزن چلہ کلان میں برف و باراں نہ ہونے کے باعث ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا، جس وجہ سے ہوائی سفر میں کوئی خلل واقع نہیں ہوئی۔
چلہ کلان کے دوران سرینگر کے ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشنز بغیر کسی موسمی دقت یا مشکلات کے بہتر طور جاری رہے جبکہ اس دوران ہوائی اڈے پر سے 1172 پروازوں نے اڑان بھری جن میں 401,244 مسافروں نے سفر کیا، ان میں سے 198,793مسافر سرینگر آئے جبکہ 202,451 مسافر سرینگر سے باہر گئے۔ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے کہا کہ چلہ کلاں کے دوران مجموعی طور پر فلائٹ آپریشن برابر جاری رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران دلی، جموں اور چندی گڑھ ہوائی اڈوں پر بھی چند ہی پروازیں منسوخ ہوئیں۔