سرینگر:جموں کشمیر یونین ٹیریٹری کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے بدھ کو حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد عمر عبداللہ نے سیول سیکرٹریٹ سرینگر میں گارڈ آف آنر کی تقریب کے بعد اعلان کیا: ’’میں واپس آ گیا ہوں۔‘‘ عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں دفتر میں واپسی کا اعلان کیا، جس میں انہوں نے چیف منسٹر کے ڈیسک پر فائلوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی تصاویر شیئر کیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو بھی اپ ڈیٹ کیا تاکہ اپنے نئے عہدے کی عکاسی کر سکیں۔
انہوں نے دیگر سیاستدانوں کے پیغامات کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے مبارکبادی پیغام کے جواب میں عمر نے کہا: ’’بہت شکریہ، نریندر مودی صاحب، ہم عوام کو ایک مؤثر، کارآمد اور دیانتدار حکومت فراہم کرنے کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔‘‘ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا: ’’بہترین کاوشوں کے لیے نیک تمنائیں۔ مرکز ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے کام کرے گا۔‘‘