سرینگر: وادیٔ کشمیر کے نوجوان جہاں اداکاری، فلم سازی اور گلوکاری میں اپنی بھر پور صلاحیت کا مظاہرے کر کے قابل تعریف کام انجام دے رہیں۔ وہیں یہاں ایسے بھی نوجوان گلوکار ہیں جوکہ کئی زبانوں میں گاتے ہیں۔ انہی میں سے ایک ہیں چرنجیت کور۔ یہ ابھرتی ہوئی گلوکارہ نہ صرف ہندی، پنجابی اور کشمیری زبان میں گاتی ہیں بلکہ یہ ڈوگری، پہاڑی، گوجری، بلتی اور لداخی وغیرہ میں بھی اپنی مدھر آواز میں گانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
وسطی کشمیر ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ چرنجیت کور اسکول کے دنوں سے ہی گانے کا شوق رکھتی تھی۔ ایسے میں اگرچہ انہوں نے شروعات کیرتن گانے سے کی، تاہم بعد میں چرنجیت نے بالی ووڈ کے ساتھ پنچابی نغمے میں بھی گایا۔ اپنی گلوکاری میں پختگی لانے کے لیے ابتدائی طور پر انہیں اپنے والد کی رہبری اور رہنمائی حاصل رہی۔ اس طرح ان کے والد ہی ان کے پہلے استاد رہے ہیں۔
چرنجیت کور جموں وکشمیر کی تقریباً ہر زبان میں گاتی ہیں۔ مادری زبان پنجابی ہونے کے باوجود یہ کشمیری بھی بہتر طور گاتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ قومی سطح پر لداخی، ڈوگری، پہاڑی اور گوجری زبان میں کئی گیت گا چکی ہیں۔