شاہراہ پر برف ہٹانے میں سرکاری مشینری ناکام اننت ناگ: کشتواڑ کے مڑواہ واڈون سے تعلق رکھنے والے باشندوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔ مقامی باشندوں نے کشتواڑ اور کشمیر اننت ناگ ضلع انتظامیہ کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مڑواہ رابطہ سڑک سے ابھی تک برف ہٹانے میں ناکام ہیں۔ جب کہ مقامی لوگ ابھی بھی کشمیر کی طرف جانے والی سڑک سے محروم ہے۔ ان کے مطابق حال ہی سرینگر کے ایک ہسپتال میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی جس کو بڑی مشکل سے مڑوا پہنچایا گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق سڑک پر برف نہ ہٹائے جانے کے سبب علاقہ، مڑواہ کے علاوہ دیگر مقامات سے منقطع ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق سردیوں کے ایام میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ بھاری برفباری کے سبب انکا علاقہ ضلع صدر مقام سے بالکل منقطع ہو جاتا ہے ۔ جبکہ سردیوں کے ایام میں ایمرجنسی کے وقت انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل مڑواہ میں اشیاء خوردنی کا سامان بھی ختم ہونے پر ہے۔ جبکہ ماہ رمضان کے متبرک مہینے میں اس علاقے کی دکانیں خالی ہیں۔ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو وہ دن دور نہیں جب یہاں کے لوگ فاقہ کشی کے شکار ہو جائیں گے۔علاقہ کافی پسماندہ ہے، علاقہ میں بنیادی سہولیات کا کافی فقدان ہے، علاقہ کی بیشتر آبادی بڑی مشکل سے گزارا کرکے اہل خانہ کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کر پاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گریز-بانڈی پورہ روڈ پر برف ہٹانے کا کام جاری، جلد روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا: حکام - Gurez Bandipora road
مقامی باشندوں نے دونوں اضلاع کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ مذکورہ شاہراہ سے جلدازجلد برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے تاکہ وہ آنے والی عید کی خوشیاں اپنے بچوں اور والدین کے ساتھ منائیں اور شاہراہ پر ایک ٹنل قائم کیا جائے جو وہاں کے عوام کی دیرینہ مانگ ہے۔