سرینگر:وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ رواں ماہ نومبر کے وسط میں امتحانات میں شرکت کرنے کرنے والے طلبا کے لیے نصاب میں نرمی کی جائے گی۔ یہ فیصلہ مارچ سے نومبر تک تعلیمی سیشن کی تبدیلی کے بعد سامنے آیا ہے۔ ابتدائی طور پر مارچ میں طے شدہ امتحانات اب نومبر کے وسط میں منعقد کئے جائیں گے۔ خدشات کو دور کرنے کے لیے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے یقین دلایا کہ طلباء کے مسائل کو مدنظر رکھا جائے گا اور تمام متعلقین سے مشاورت کے بعد نویں جماعت تک کے طلباء کو نصاب میں نرمی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں طلباء اور والدین کے سبھی خدشات دور کیے جائیں گے۔ نئے تعلیمی نظام الاوقات میں آسانی سے منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایسے میں تعلیمی کلینڈر میں تبدیلی کی وجہ سے اسکولوں نے پرائمری سطح تک نئے داخلوں کے لیے نوٹفیکیشن بھی جاری کرنی شروع کر دی ہے۔