سرینگر (جموں کشمیر) :الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی جماعت ’’ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی‘‘ (ڈی پی اے پی) کو آنے والے پارلیمانی انتخابات کے لئے ’’بالٹی‘‘ کا نشان الاٹ کیا ہے۔ غلام نبی آزاد نے اپنی نئی جماعت ڈی پی اے پی کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بعد بنائی تھی اور انہوں نے پارٹی کا نشان تین رنگوں پر مشتمل ایک جھنڈے کی صورت میں رکھا ہے۔ تاہم اس جماعت کو یہ نشان تب ہی مل سکتا ہے جب وہ اسمبلی انتخابات میں چار سیٹیں جیت پائے گی۔
ڈی پی اے پی کے ترجمان سلمان نظامی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پارلیمانی انتخابات کے لئے ’بالٹی‘ (Bucket) کا نشان دیا ہے۔ آزاد نے یہ پارٹی کانگریس کو چھوڑنے کے بعد بنائی تھی اور ان کے ساتھ کانگریس کے متعدد لیڈران نے شمولیت کی تھی، تاہم کچھ مہینوں کے بعد ہی یہ لیڈران کانگرس میں واپس شامل ہوئے۔