اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سنیماٹوگرافر تصدق حسین کا کشمیر سے بالی ووڈ تک کا سفر - Kashmir Cinematographer - KASHMIR CINEMATOGRAPHER

سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے تصدق حسین بابا بالی ووڈ کے نامی گرامی موسیقاروں اور گلوکاروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

ا
سنیماٹوگرافر تصدق حسین بابا کے ساتھ خصوصی گفتگو (ای ٹی وی بھارت)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jul 5, 2024, 3:27 PM IST

سنیماٹوگرافر تصدق حسین کا کشمیر سے بالی ووڈ تک کا سفر (ای ٹی وی بھارت)

سرینگر (جموں کشمیر) :وادی کشمیر کے نوجوان جہاں بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنا رہے ہیں وہیں یہاں کے نوجوان بطور سنیماٹوگرافر بھی اپنی علیحدہ شناخت بنانے میں بھی کامیاب ہو رہے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے ایک ایسے ہی کشمیری نوجوان سنیماٹوگرافر سے ملاقات کی جس نے نہ صرف بالی ووڈ کے کئی پروجیکٹس میں بطور سنیماٹوگرافر کام کیا بلکہ بالی ووڈ کے مشہور و معروف ادکاروں، گلوکاروں اور موسیقاروں کے ساتھ بھی کئی میوزک اور ویڈیو المبز بنائے ہیں۔ اس کے ساتھ ملک اور بین الاقوامی سطح کی کئی نامی گرامی کمپنیز کے ایڈ بھی شوٹ کئے ہیں۔

سرینگر کے قدیم شہر سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ تصدق حسین بابا بچن سے ہی فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی کی جانب مائل تھے اور ایسے میں انہوں نے اپنی اس دلچسپی کو پیشہ میں بدلنے کی خاطر صحافت میں سال 2014 میں ڈگری حاصل کی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کیمرہ اور فلم ایڈیٹنگ سیکھنے کے لیے کشمیر اور یہاں سے باہر بھی کئی کورسز اور ورکشاپس میں شرکت کی۔

ای ٹی وی بھارت کے کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران تصدق حسین بابا نے کہا کہ ’’مجھے سال 2015 میں بالی ووڈ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں سیٹ اسسٹنٹ کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا، جو کہ اس وقت میرے لیے ایک بہت بڑی بات تھی۔ جس سے مجھے کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔ سیٹ کیا ہوتا، کس طرح عکس بندی کی جاتی ہے اور کیسے ایک ٹیم کے ساتھ کام کیا جاتا ہے؟ یہ سب مجھے وہاں دیکھنے اور سیکھنے کو ملا۔‘‘

بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ’’اس کے بعد میں نے ایک ٹی وی ایڈ یعنی اشتہار میں بطور سنیماٹوگرافر کام کیا اور پھر کئی نامی گرامی قومی اور بین الاقوامی کمپنیز کے اشتہار بھی آتے گئے۔‘‘ اپنے سفر کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’اس کے علاوہ مجھے بالی ووڈ کے مشہور و معروف گلوکار اور موسیقار - سلیم مرچنٹ کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا اور اس کے ساتھ میں نے کئی میوزیک ایلبمز اور ویڈیوز کئے جوکہ کافی مشہور ہوئے، ان میں بالی ووڈ اور کشمیری موسیقی کا سنگم دیکھنے کو ملا اور یہ ویڈیوز حال ہی میں ریلیز ہوئے۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں تصدق بابا نے کہا کہ سلیم مرچنٹ کے ساتھ کام کرنا ان کے لئے کسی خواب سے کم نہ تھا۔ پہلے ٹی وی پر دیکھنے اور اب اس شخصیت کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک نیا تجربہ تھا۔ تصدق کے مطابق ’’اللہ کے کرم سے میں نے اپنا صد فیصد دینے کی کوشش کی جس کے طفیل سے مجھے لوگوں نے نہ صرف میرے کام کو سراہا بلکہ بالی ووڈ کے بڑی ہستیوں اور ادکاروں کے ساتھ بھی کام کرنے کے لیے راہ ہموار ہوتی گئی۔‘‘ موجودہ وقت کے اپنے پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’اس وقت میں ایک نئے ٹی وی اشتہار اور ساتھ ہی ساتھ ایک میوزک البم پر کام کر رہا ہوں جوکہ بہت جلد منظر عام پر آیئے گا۔‘‘

کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے تصدق حسین بابا نے کہا کہ ’’وادی کشمیر میں حالات بدل رہے ہیں یہاں پھر سے بالی ووڈ فلمیں اور میوزک ویڈیوز اور المبز شوٹ کئے جا رہے ہیں۔ ایسے میں یہاں کے نوجوان بھی بہتر طور اپنا روزگار کما سکتے ہیں۔ یہاں کے نوجوانوں میں قابلیت یا صلاحیت کی کوئی کمی نہیں۔ البتہ بہتر تربیت کے ساتھ محنت اور لگن کی ضرورت ہے۔ کیونکہ لگن اور کچھ کرنے کی چاہت سے ہی کسی بھی میدان میں اپنی پہچان بنائی جا سکتی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں:وادی میں بھی ابھر رہے ہیں نوجوان فلم ساز

ABOUT THE AUTHOR

...view details