پونچھ:سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں سابق پنچ، سرپنچ صاحبان نے احتجاج کرتے ہوئے ’’جی آر ایس‘‘ اور ’’این وائی سی‘‘ ملازمین پر رشوت خوری کے الزامات کی سخت تردید کرتے ہوئے الزام تراشی کرنے والے افراد کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ در اصل چند روز قبل علاقے میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک مقامی باشندے نے ملازمین پر رشوت خوری کا الزام عائد کیا۔ منڈی علاقے کے سابق پنچ اور سرپنچ صاحبان نے پریس کانفرن کے دوران ان الزامات کی سختی سے تردید کی۔
اس موقع پر مبشر حسین بانڈے نامی ایک سابق سرپنچ نے بتایا کہ ’’ویڈیو کے ذریعے محض افواہ پھیلائی جا رہی ہے جو حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’الزامات کے برعکس جی آر ایس اور این وائی سی ملازمین نے بحسن خوبی کام کیا اور علاقے میں تعمیر و ترقی کے پروجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔‘‘ انہوں نے سوشل ویڈیا پر عائد کیے گئے الزمات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا: ’’ایسے شر پسند عناصر محض ذاتی مفاد، بغض و حسد کی بنا پر محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘