جموں:صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک خطرناک جنگلاتی آگ کے باعث تقریباً نصف درجن بارودی سرنگیں پھٹ گئیں۔ یہ دھماکے بدھ کی رات کرشنا گھاٹی سیکٹر کے فارورڈ علاقوں میں ہوئے، جہاں یہ بارودی سرنگیں بھارت کے انسدادِ دراندازی رکاوٹ نظام کا ایک حصہ ہیں۔
حکام نے بتایا کہ چند گھنٹوں کے دوران ہی تقریباً چھ دھماکوں کی آوازیں اس وقت سنی گئیں، جب آگ سرحد پار سے بھارتی حدود میں تک پھیل گئی۔ اب تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم فائر ٹینڈرز آگ پر قابو پانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ افسران کے مطابق آگ کی اصل وجہ کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا، تاہم خدشہ یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’’یہ ایک سوچا سمجھا اقدام ہو سکتا ہے، جس کا مقصد بھارت کے سرحدی حفاظتی نظام کو نقصان پہنچانا ہے۔‘‘