کشتواڑ (جموں کشمیر) :جموں کشمیر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز نعروں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، کشتواڑ ضلع کے اندروال علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) اور ریٹرننگ آفیسر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو اس معاملے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ایک ویڈیو میں کچھ افراد کو اندروال کے آزاد امیدوار کے جلسے میں مبینہ طور اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے سنا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ تاہم اس حلقے کے آزاد امیدوار غلام محمد سروری نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسے کسی بھی جلسے کی خبر نہیں جہاں ان کے حامیوں نے اشتعال انگیز نعرے بازی کی ہو۔ سروری کا کہنا ہے کہ ’’کچھ شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ویڈیو میں ترمیم کی ہے تاکہ انتخابات کے دوران حالات خراب کیے جائیں۔‘‘
ویڈیو میں کچھ نوجوانوں کو سروری کے ہمراہ چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ویڈی میں چند نعرے بھی صاف سنائی دے رہے ہیں جن میں ’’یہاں کیا چلے گا، نظامِ مصطفیٰ‘‘ کے نعرے بھی سنے جا سکتے ہیں۔ اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اندروال کے اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) اور ریٹرننگ آفیسر نے فوری کارروائی کی اور پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا۔