جموں: سابق آئی پی ایس آفیسر بسنت رتھ نے جمعے کے روز کانگریس کے سینیئر لیڈروں کے ساتھ جموں میں ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا مجھ پر احسان ہے اور میں یہاں سے نہیں جاؤں گا۔ اطلاعات کے مطابق سابق آئی جی ٹریفک بسنت رتھ نے کانگریس کے جموں نشست کے امیدوار رمن بھلہ اور پردیش کانگریس صدر وقار رسول وانی کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں چناؤ کے دوران بھر پور حمایت دینے کا بھروسہ دلایا۔ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے مختصر بات چیت کے دوران بسنت رتھ نے کہا کہ کانگریس لیڈر کے ساتھ ملاقی ہونے کے لئے آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں جموں وکشمیر کو نہیں چھوڑ رہا، کیونکہ یہاں کے لوگوں کا مجھ پر بہت بڑا احسان ہے۔
منشیات کا خاتمہ کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بسنت رتھ نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اڑتا پنجاب کے راستے پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بتادیں کہ گذشتہ روز ہی سابق آئی جی ٹریفک نے سوشل میڈیا پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس امیدواروں کو بھر پور تعاون فراہم کریں گے۔