سرینگر: جموں وکشمیر اور کیرالہ میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ سری نگر سمیت وادی کشمیر کے کئی مقامات پر عید الفطر کی نمازوں کی تیاریاں جاری ہیں تو کئی مقامات پر نماز عید الفطر ادا کی جاچکی ہیں۔ سری نگر کی عیدگاہ سمیت کئی مقامات پر نماز عید الفطر کے روح پرور مناظر دیکھے گئے ہیں۔ عید الفطر کے مبارک و مسعود موقع پر نماز کے بعد لوگوں نے آپس میں ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ریاست کیرالہ میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ کیرالہ کے دار الحکومت میں کئی جگہوں پر نماز عید الفطر کے روح پرور مناظر دیکھے گئے ہیں۔ کیرالہ کے وزیر اعلی پنرائی وجین نے ریاست کی عوام کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ وہیں دوسری جانب کانگریس رہنما و ترواننت پورم حلقہ سے لوک سبھا کے امیدوار ششی تھرور نے عید الفطر کی نماز میں شرکت کی اور نماز کے بعد وہاں موجود لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں عید الفطر کی پر خلوص مبارک باد پیش کی۔
قبل ازیں گذشتہ روز جموں و کشمیر میں شوال کا چاند نظر کی تصدیق ہوئی ہے۔ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر السلام نے گذشتہ روز کہا تھا کہ جموں وکشمیر کے کئی مقامات سے شوال کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ کئی مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں بھی موصول ہوئی ہیں۔