سرینگر:سرینگر میں ای-بس ڈرائیوروں اور کنڈیکٹرز نے پانتھہ چوک بس اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں دیگر شہریوں، یو ٹیز کے ڈرائیوروں کے مصداق ماہانہ تنخواہ اور ہفتہ وار چھٹی دینے کی مانگ کی۔ احتجاج کر رہے ڈرائیوروں، کنڈکٹرز نے دعویٰ کیا کہ ان ہی ای بسز کے ڈرائیوروں کو جموں میں ہر ماہ 18000 سے 20000 روپے کی تنخواہ دی جاتی ہے تاہم یہاں کشمیر میں ڈرائیوروں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک روا رکھا جا رہا ہے اور یہاں کے ڈرائیوروں کو محض دس سے بارہ ہزار روپے تنخواہ دیا جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہلی میں ہر ای بس میں ایک سیکورٹی اہلکار تعینات ہوتا ہے تاہم یہاں ای بسز کو ڈرائیوروں، کنڈکٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے اور بعض اوقات ان ڈرائیوروں کو شر پسند لوگوں کی جانب سے ہراسانی کا شکار ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی گارڈ فراہم کرنے سے زیادہ وہ مکمل مراعات کے حصول کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈرائیوروں نے دعویٰ کیا کہ انہیں ہفتہ وار چھٹی بھی نہیں دی جا رہی ہے نہ ہی اس کا معاوضہ دیا جا رہا ہے۔