اننت ناگ: عبدالرؤف نائک اور ان کے برادر ڈاکٹر باری نائک نے اننت ناگ میں مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس کیا۔ اس دوران سی سی ٹی وی چناوی نشان فراہم کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران 15 نکات پر مبنی اپنا منشور میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات کے تئیں جو معاملات ان کے زیر غور ہیں، سیاست میں آنے کے بعد ان معاملات کو زمینی سطح پر عمل میں لانے میں آسانی ہوگی۔ باری نائک نے کہا کہ ایک سازش کے تحت انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روکا گیا، کیونکہ وہ لوگ جانتے ہیں کہ ڈاکٹر باری وہ کام کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، جو انہیں ہضم نہیں ہوتی اور سیاسی طاقت ملنے کے بعد ڈاکٹر باری نائک ان طاقتوں کو بے نقاب کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔
باری نے مزید کہا کہ ان کو پہلے ہی اس کی بھنک لگ گئی تھی، اس لئے انہوں نے اپنے بھائی کو ایک متبادل کے طور پر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی میدان میں اکیلے نہیں ہیں، ان کے پیچھے ہزاروں لوگوں کی ٹیم ہے جو انہیں اپنا بھرپور تعاون دے رہے ہیں۔