اننت ناگ: ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (انتخابی ضابطہ اخلاق) کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ضلع انتطامیہ اننت ناگ نے جاری انتخابات کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پانچ سرکاری ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔
غور طلب ہے کہ سرکاری ملازمین کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا ماڈل ضابطہ اخلاق (MCC) کی خلاف ورزی ہے۔ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر دو ملازمین کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ دو ملازمین کی تنخواہیں اگلے احکامات تک روک دی گئی ہیں۔ مزید ایک ملازم کے خلاف معطلی کی سفارش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایات واضح ہیں کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری ملازمین کو انتخابی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی یا مہم چلانے سے گریز کرنا چاہیے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے تمام سرکاری ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے باز رہنے کی سخت وارننگ جاری کی ہے۔ انہوں نے انہیں ان کے فرض کی یاد دہانی کرائی کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے فراہم کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔