پلوامہ (جموں کشمیر) :ڈی ڈی سی ممبر، ترال، ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بلاک آفس ترال میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبر نے آنے والے مالی سال سے متعلق پروگرامز اور منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ڈی ڈی سی ممبر نے آفیسرز پر زور دیا کہ وہ تندہی کے ساتھ کام کریں کیونکہ جامع ترقی کے لیے جو بھی پلان مرتب کیا جاتا ہے اس پر عمل درآمد کرنا ہی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے تمام تر تیاریاں قبل از وقت ہونی چاہیے۔
بجلی بحران پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بتایا کہ وادی کے بیشتر علاقوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کو لیکر لوگ اس وقت سراپا احتجاج ہیں اور یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ سرما کے دوران جب یہاں کے لوگوں کو بجلی کی اشد ضرورت ہوتی ہے اسی وقت بجلی کی کٹوتے سے عوام کو پریشان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ پانپور گیس ٹربائن کو چالو کیا جائے تاکہ شدید سردی کے ان ایام میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔