بوٹ ریس کے ذریعے ووٹرز بیداری پروگرام منعقد بارہمولہ (جموں کشمیر) :ضلع انتظامیہ بارہمولہ کی جانب سے ووٹرز بیداری کے تحت ’’بوٹ ریس‘‘ پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں بارہمولہ کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں بچوں نے شمولیت کی۔ بوٹ ریس، ایورنس پروگرام کو ڈی سی بارہمولہ مینگا شرپا نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جبکہ ان کے ہمراہ بارہمولہ کے مختلف محکمہ جات کے افسران بھی موجود رہے۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی بارہمولہ نے کہا کہ ’’ہماری خواہش ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگ انتخابی عمل میں شرکت کرکے اپنے پسندیدہ نمائندے کا انتخاب کریں۔ اس کے علاوہ ہم یہ بیداری پروگرام اس لیے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ نوجوان خاص کر پہلی بار ووٹ ڈالنے والے امیدوار اپنے ووٹ کا استعمال کر سکیں۔‘‘
ڈی سی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ضلع کو وٹلب، سوپور علاقے میں بھی اسی طرح کی بوٹ ریس مہم انجام دی گئی تھی اور اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے سے جو نوجوان اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والے افراد ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بارہمولہ میں کل سات اسمبلی نشستیں ہیں جن میں سے سوپور، بارہمولہ اور اوڑی میں اس طرح کے بیداری پروگرام منعقد کیا جا چکے ہیں۔
انہوں نے مستقبل میں بھی اس قسم کے بیداری پروگرام جاری رکھے جانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ انتخابات میں شمولیت اختیار کر سکیں۔ ادھر، پروگرام میں شریک طلبہ نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پہلے ووٹ کا استعمال کرنے کے لیے کافی پر جوش ہیں اور انہوں نے اس طرح کے پروگرامز کو کافی مفید قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بارہمولہ میں ووٹرز بیداری پروگرام منعقد