جموں: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ڈانگری حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کی مدد و اعانت فراہم کرنے والے نوجوان کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کو خود کو نابالغ قرار دیا، جس کے بعد جانچ ایجنسی نے عمر سے متعلق تمام تر معلومات حاصل کیں۔ این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے ڈانگری عسکریت پسندانہ حملے میں ملوث ملیٹینٹوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والے نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے ہفتے کے روز ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی جو اپنے آپ کو نابالغ قرار دے رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کی عمر سے متعلق تمام تر معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری 2023 میں راجوری کے ڈانگری گاؤں میں نامعلوم عسکریت پسندوں کے ہاتھوں پانچ افراد مارے گئے، جس کے بعد راجوری پولیس اسٹیشن نے معاملے کے متعلق کیس درج کیا اور بعد ازاں این آئی اے نے الگ سے کیس رجسٹر کیا۔