جموں:کرائم برانچ کی اکنامک آفنسز ونگ جموں نے جم کیش وہیکلایڈز کے ایک سابق ملازم کی تحویل سے 1.10 کروڑ روپے کے بھاری رقم کو برآمد کرکے ملزم شیراز میر کو گرفتار کر لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کرائم برانچ، جموں نے اعلیٰ پیشہ ور افسران کی ایک ٹیم اندور اور دارالحکومت دہلی میں تعینات کی اور گہرائی سے چھان بین کے دوران اور سخت کوششوں کے بعد ٹیم ایک کروڑ دس لاکھ روپے کی غبن شدہ رقم برآمد کرنے میں کامیاب رہی۔ ایک سرکاری بیان میں یہ جانکاری دی گئی
جموں پولیس نے عدالتی فیصلہ کے لیے ملزم کے خلاف ابتدائی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ کرائم برانچ نے کہا ہے کہ آئی پی سی کی دفعات 420,406, 408,109 کے تحت ایک ایف آئی آر 19 جولائی 2022 کو پولیس اسٹیشن چھنی، جموں میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر Jamkash VehicleAIDS Pvt Ltd کی تحریری شکایت پر درج کی گئی تھی۔ کمپنی نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا تھا کہ جموں کا رہنے والا شیراز میر، جو اس وقت JamKash VehicleAds میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا، نے کثیر رقم اپنے کھاتہ میں منتقل کرکے مجرمانہ خلاف ورزی اور دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا ہے۔ شکایت میں یہ بھی درج کیا تھا کہ اکاؤنٹنٹ نے جم کیش وہیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے فنڈز سے اپنے بینک کھاتوں میں 1.32 کروڑ روپے ٹرانفر کیے ہیں۔