سرینگر:جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس (این سی) کے ساتھ اسمبلی انتخابات میں الائنس کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم اس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو نیشنل کانفرنس کے ساتھ گفتگو کر رہی ہے۔ سرینگر میں کانگریس کے نو منتخب صدر طارق حمید قرہ نے بتایا کہ پارٹی نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں صدر کے علاوہ غلام احمد میر، وقار رسول اور تارا چند شامل ہیں۔
قرہ نے کہا کہ ’’نیشنل کانفرنس کے ساتھ انڈیا الائنس کے طرز پر اسمبلی الیکشن میں بھی الائنس پر گفتگو جاری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ کانگریس دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی الائنس کرنے کے لئے تیار ہے۔ یاد رہے کہ جمعہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا جس کے بعد جموں کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ کانگریس کی جانب سے بھی الیکشن سے قبل ایک بڑا فیصلہ لیا گیا، وقار رسول کو صدر کے عہدے سے معذول کرکے ان کی جگہ طارق حمید قرہ کو پارٹی کا صدر مقرر کیا گیا۔
غور طلب ہے کہ طارق قرہ پی ڈی پی کے بانی لیڈران میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے سنہ 2002 میں اسمبلی حلقہ بٹہ مالو (جسے حد بندی کے بعد تقسیم کیا گیا) سے انتخابات جیتے تھے، لیکن سنہ 2008 میں انکو نیشنل کانفرنس کے امیدوار عرفان شاہ سے انتہائی کم ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہ سنہ 2002 اور سنہ 2008 کے پی ڈی پی - کانگریس حکومت میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔