سرینگر (جموں کشمیر) : جموں کشمیر اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے مابین الائنس طے ہو چکا ہے اور یونین ٹیریٹری کی سبھی 90سیٹوں پر دونوں جماعتیں لوک سبھا الیکشن کی طرح متحدہ طور الیکشن لڑیں گیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے آج نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ سے ان کی رہائش گاہ پر ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی، جس میں الائنس کے سبھی پہلوؤں پر اتفاق کیا گیا۔
راہل گاندھی اور کھرگے فاروق عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے بعد فوراً جموں روانہ ہوئے جبکہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران الائنس پر اتفاق کی تصدیق کی۔ الائنس میں کمیونسٹ لیڈر ایم وائی راتھر (تاریگامی) بھی شامل ہے جبکہ محبوبہ مفتی کی پی ڈی پی کو الائنس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ شام تک سبھی کاغذی دستاویز کو منظر عام پر لایا جائے گا۔ فاروق عبداللہ نے کہا: ’’مجھے خوشی ہے کہ الائنس کو خوش اسلوبی کے ساتھ طے کیا گیا۔‘‘