کٹھوعہ (جموں کشمیر) :ہفتہ کی صبح صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں جموں کشمیر پولیس اور ضلع انتظامیہ نے مبینہ طور ایک مذہبی مقام کو منہدم کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے اس کی شدید مزاحمت کی۔ انتظامیہ کی کاروائی کے خلاف مقامی باشندوں نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ایک مسجد کو مبینہ طور پر منہدم کرنے کی کاروائی کے خلاف مقامی لوگوں نے سخت مزاحمت کی جبکہ اس دوران احتجاجیوں کی دھکم پیل میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ کٹھوعہ تحصیل سے ملحق کلیان پور پدری علاقے میں پیش آیا۔
حکام نے بتایا کہ انہدامی کاروائی کو روکنے کے لئے مقامی لوگوں نے سخت مزاحمت کی۔ حکام نے احتجاجیوں کی جانب سے پولیس پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جس کے باعث ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سمیت نصف درجن کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ زخمی ہوئے پولیس اہلکاروں کو علاج و معالجہ کے لیے ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔