جموں:جموں میں بھی وادی کشمیر کی طرح یوم جمہوریہ کی تقریب سے قبل سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ جموں میں سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے، بھارت - پاکستان سرحد سمیت پورے جموں خطے میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ پولیس نے جموں شہر میں ہفتہ کے روز اسپیشل چیکنگ انجام دی، بس اسٹینڈ جموں، چیول چوک میں بھی چیکنگ کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں نے راہگیروں سے پوچھ گچھ بھی کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ’’22 جنوری کو پران پرتشٹھا کی تقریب اور یوم جمہوریہ کی تقاریب سے قبل حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔ جوانوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔‘‘ حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جموں شہر اور خطے کے دیگر حصوں میں گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی چیکنگ تیز کر دی ہے۔ جبکہ جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونود کمار نے آج چیک پوائنٹس اور چوکیوں سمیت زمینی سطح پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔