جموں:جموں صوبے کے راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقے میں بدھ کے روز بھاری بارش کے باوجود بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رہا۔ یہ آپریشن سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے منگل کے روز شروع کیا گیا تھا جب سیکورٹی ایجنسیز کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ منگل کو تلاشی کے دوران عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ منگل کی شام قریب 7:30 بجے اس وقت پیش آیا جب پولیس اور راشٹریہ رائفلز کے اہلکار مشکوک سرگرمیوں کی اطلاعات ملنے کے بعد تھنہ منڈی کے کریوٹ گاؤں کی طرف بڑھ رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی چند گولیاں چلائیں اور پھر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام نے مزید بتایا کہ علاقے میں اضافی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے اور عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔