اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے دونی پورہ، بجبہاڑہ علاقہ میں ہفتہ کے روز غرقاب ہوئے ایک غیر مقامی نوجوان کی لاش دریائے جہلم سے بازیاب کی گئی۔ بازیاب کیے گئے نوجوان کی شناخت ٹیپو ماری، آسام کے رہنے والے چودہ سالہ مُنیب الاسلام ولد بابو علی کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ نوجوان 13 اگست کو دونی پورہ، سنگم کے مقام پر دریائے جہلم میں اس وقت غرقاب ہوا تھا جب نہانے کے دوران اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ دریا کے گہرے پانی میں ڈوب گیا۔
نوجوان کے غرقاب ہونے کے فورا بعد ہی اننت ناگ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی مشترکہ ٹیم نے ریسکیو آپریشن شروع کیا تھا، اور کڑی مشقت کے بعد ہفتہ کے روز ریسکیو ٹیم لاش کو بازیاب کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے لاش کو طبی اور قانونی لوازمات کے لئے مردہ خانہ روانہ کر دیا ہے، اور لوازمات کی تکمیل کے بعد نوجوان کی میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔