سرینگر (جموں کشمیر):گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر کے رجسٹرار اکیڈمکس نے تمام انڈر گریجویٹ کلاسز کو 6 سے 8 جون 2024 تک معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ جی ایم سی سرینگر نے اپنی مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ گذشتہ کل پیش آئے واقعے کے پیش نظر 3 روز تک تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 5 جون کو جی ایم سی سرینگر میں طلباء نے اس وقت احتجاج کیا اور اسلام اور پیغمبر آخرالزماں (صلی اللہ علیہ وسلم) کے حق میں نعرے بلند کئے جب ایک غیر مقامی میڈیکل طالب علم کی جانب سے مبینہ طور پر پیغمبر اسلام (ص) کا گستاخانہ پوسٹ اپ لوڈ کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق کالج میں زیر تعلیم غیر مقامی طالب علم کو توہین آمیز ڈسپلے تصویر ہٹانے کے لیے تین گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود اس نے مواد ڈیلیٹ کرنے سے انکار کر دیا۔ مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ طالب علم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہو سکیں۔